لندن: کسی نے سچ ہی کہا ہے کہ
شیشہ کتنا ہی مضبوط کیوں نہ بنا لیا جائے لیکن جب بھی اسے چوٹ لگتی ہے تو
وہ ٹوٹ ہی جاتا ہے اور ایسا ہی کچھ ہوا لندن میں دریائے ٹیمز کے ٹاور برج
پر بنائے گے شیشے کے پل کے ساتھ جو صرف خالی بوتل کی چوٹ بھی نہ برداشت
کرسکا اور اس کاایک حصہ کرچیوں میں تبدیل ہوگیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق 10
لاکھ پاؤنڈز کی مالیت سے تیار ہونے والے حیرت انگیز اور دلکش شیشے کے اس پل
کا افتتاح ہوئے ابھی دو ہفتے ہی گزرے تھے کہ ایک ہی چوٹ سے اس کی خوبصورتی
ماند پڑگئی، ہوا کچھ یوں کہ کیٹرنگ اسٹاف کے ایک صاحب خالی بوتلوں کی ٹرے
لیے جارہے تھے کہ ایک بوتل گر کر شیشے کے اس واک وے سے جا ٹکرائی پھر کیا
تھا پہلے شیشے میں دراڑیں پڑیں اور پھر وہ کرچیوں میں تبدیل ہوگیا ۔ اس کے
بعد انتظامیہ کے پاس اس کے علاوہ کوئی چارہ نہ تھا کہ اس کو کچھ عرصے کے
لیے بند کردیا جائے۔ لیکن اسے خوش قسمتی کہیے کہ اس شیشے کے واک وے کو
بناتے وقت اس کی پانچ سطحیں بنائی گئیں تھیں اور ٹوٹنے والی سطح سب سے اوپر
والی ہے جسے بآسانی تبدیل کیا جاسکے گا۔
واضح رہے کہ شیشے کا پل
دریائے ٹیمز پر کھلنے والے ٹاور برج کے اوپر بنایا گیا ہے، شیشے کے پل پر
کھڑے ہو کرلوگ نیچے سے گزرنے والی ٹریفک اور دریا میں بہتے پانی اور گزرتے
بحری جہازوں کا خوبصورت نظارہ کرتے ہیں جب کہ اس پل کی سیر کے لئے 9 پاؤنڈ
کا ٹکٹ خریدنا پڑتا ہے۔